فضائی سفر سستا: اندرون ملک فضائی کرائے 20ہزار روپے تک کم ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کرائے
(فوٹو: آن لائن)

ملک بھر میں مہنگائی میں مسلسل اضافے اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات نے فضائی سفر کے شعبے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں اندرون ملک فضائی کرایوں میں 15 سے 20 ہزار روپے تک نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہوائی سفر پر معاشی دباؤ کے اثرات واضح ہو رہے ہیں۔ ائیرپورٹ ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق مسافروں کی تعداد میں واضح کمی آنے کے بعد مقامی پروازوں کے کرایوں میں بھی 15 سے 20 ہزار روپے تک کمی کرنی پڑ گئی۔

رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق فضائی سفر کی کم ہوتی ہوئی طلب کے باعث نہ صرف ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی بلکہ مجموعی طور پر اندرون و بیرون ملک تقریباً 120 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر بڑے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ایوی ایشن انڈسٹری پر شدید دباؤ ڈالا، جس کے باعث کئی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ شیڈول محدود کر دیے ہیں۔ اسی صورتحال کے تحت کراچی، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے تقریباً 20 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

اسی طرح خلیجی ممالک اور استنبول جانے والی بین الاقوامی پروازوں میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی، جہاں مجموعی طور پر تقریباً 100 فلائٹس منسوخ کی گئیں۔ کراچی سے 27، اسلام آباد سے 21، ملتان سے 9، پشاور سے 13 اور فیصل آباد سے 8 پروازیں متاثر ہوئیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق فضائی آپریشن میں کمی کا رجحان تاحال جاری ہے اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ مزید پروازوں سے متعلق فیصلے بھی کیے جا سکتے ہیں۔

Related Posts