افغان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ نومبر میں پاکستان میں شیڈول سہ ملکی کرکٹ سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ٹورنامنٹ 17 سے 29 نومبر کے درمیان کھیلا جانا تھا جس میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہونے والی تھیں۔
افغان بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں ہونے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد کیا گیا ہے جس میں ایک مقامی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے تھے۔
#افغان کرکٹ بورڈ نے نومبر میں #پاکستان میں ہونے والے سہ ملکی سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ نومبر 17 سے 29 نومبر تک ہونے والی ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا نے حصہ لینا تھا۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ جمعہ کی شام تقریباً 8 بجے… pic.twitter.com/ClU8WuOTA1
— Tahir Khan (@taahir_khan) October 18, 2025
تفصیلات کے مطابق متاثرہ کھلاڑی دوستانہ کرکٹ میچ کھیلنے کے لیے صوبائی دارالحکومت شرانہ گئے تھے۔ واپسی پر جب وہ ارگون شہر کے قریب پہنچے تو ایک بم دھماکے کا نشانہ بنے۔
افغان کرکٹ بورڈ نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ کھیلوں کے میدان کے لیے بڑا نقصان ہے۔ بورڈ نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی ہے۔
یا د رہے کہ سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ 17 نومبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول تھا جبکہ راولپنڈی میں ہی 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا، سہ ملکی سیریز کے باقی پانچ میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے جبکہ فائنل 29 نومبر قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








