اسلام آباد:صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا دور ختم ہونے والا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سے صدارتی الیکشن کے جاری شیڈول کے تحت نئے صدر کا انتخاب 9مارچ کو ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے صدارتی امیدوار کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری کو نامزد کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب کیلئے 2 مارچ کو 12 بجے سے قبل کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 4مارچ کو صبح 10 بجے ہوگی جبکہ 5مارچ کو دوپہر 12بجے تک کاغذات واپس لیے جاسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست 5مارچ کو 1 بجے آویزاں ہوگی جبکہ 9مارچ کو صدارتی الیکشن ہوگا، جس کیلئے پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں کی جائے گی۔
صدارتی انتخاب کیلئے ریٹرننگ آفیسر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ہوں گے۔ صدارتی انتخاب کے اعلان کے ساتھ ہی صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر چھوڑنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔
تحریکِ انصاف کے ٹکٹ کے تحت قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ کر اقتدار میں آنے والے ڈاکٹر عارف علوی کا تعلق سیاست سے قبل طب کے شعبے سے رہا ہے، جن کے متعدد فیصلوں کو ان کے جانے کے بعد بھی سراہا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








