وزیراعظم شہباز شریف کو ملائشیا میں لیڈر شپ اینڈ گورننس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازاگیا ہے۔ اعزازی ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میرے لیے عالمی اسلامک یونیورسٹی آف ملائشیا جیسی عظیم درسگاہ سے منسلک ہونا اعزاز کی بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ملائشین ریاست پہانگ کی ملکہ نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائشیا میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے 4 دہائیوں سے زائد عرصہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ میں ہمیشہ خلوصِ نیت اور اور ثابت قدمی سے عوام کی خدمت کرتا ہوں۔ پی ایچ ڈی کی صورت میں مسلم دنیا کی بہترین درسگاہ سے منسلک ہونے پر خوشی ہے۔ یہ درسگاہ ایمان اور اخلاق کو یکجا کرکے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں اب بھی بطور وزیراعظم اپنے لوگوں کی خدمت کر رہا ہوں۔ میری دعا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ملائشیا کے مابین اتحاد، بھائی چارہ اور تعاون مزید گہرا ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں دونوں عظیم ممالک، پاکستان اور ملائشیا کیلئے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔ میں یونیورسٹی کے صدر، چانسلر، ڈائریکٹر، وزیر تعلیم اور طلبہ کا شکر گزارہوں۔ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان علمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا خواہش مند ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








