کراچی: دنیا بھر میں تبلیغِ اسلام کیلئے مشہور بھارتی عالمِ دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ پاکستانیوں میں دین کے فروغ کا جذبہ ہے، سوشل میڈیا کا استعمال دین کی تبلیغ کیلئے کریں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے معروف عالمِ دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر برائی اچھائی کے مقابلے میں زیادہ پھیل رہی ہے، سوشل میڈیا کا استعمال دعوتِ دین کیلئے کیا جانا چاہئے، آج مسلمان مصنوعی ذہانت پر تحقیق نہیں کر رہے جبکہ یہ مستقبل کیلئے ایک بہترین مہارت ہوسکتی ہے۔
اظہارِ خیال کے دوران معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ دین کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال آنا چاہئے، آخرت کی بھلائی کیلئے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام پھیلانا ہوگا۔ اکثر مدارس یا اسلامی ادارے جدید میڈیا ٹیکنالوجی پر آگہی فراہم نہیں کرتے جو بدقسمتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین جو دین کے فروغ کیلئے کام کریں، ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔
مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی یہودیوں کے ہاتھ میں ہونا بدقسمتی ہے۔ اے آئی سے بہتر ٹول نہیں، پاکستان کو بھی مصنوعی ذہانت پر مہارت حاصل کرنا ہوگی کیونکہ پاکستانیوں میں دین کے فروغ کا جذبہ ہے، یہ دنیا کا وہ واحد مسلمان ملک ہے جو ایٹمی طاقت کا حامل ہے۔ میں پہلی بار پاکستان 1991 میں آیا لیکن اب کی بار بہت خوشی ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے مجھے اس ملک میں دعوت دی، اس پر ممنون ہوں۔ بھائی چارے اور امن کا پیروکار ہوں۔ آج میڈیا سب سے اہم ہتھیار ہے جس پر اسلام کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے، غلط فہمیوں کو فروغ دیا جاتا ہے۔ بالی ووڈ پر مسلمان چھائے ہوئے ہیں لیکن اسلام کے معاملے میں مسلمان میڈیا پر کمزور نظر آتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








