احتجاج کیلئے اسلام آباد آنا مہنگا پڑ گیا، 412پی ٹی آئی کارکنان گرفتار، 60افغانی نکلے

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد
(فوٹو: بزنس ریکارڈر)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کیلئے آنا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے 412 پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرلیا جن میں سے 60 افغانی نکلے ہیں۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے جمعے کو ڈی چوک پر ہونے والے احتجاج کی تیاری میں مصروف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا آغاز کردیا۔ پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ احتجاج میں شرکت کیلیے اسلام آباد آنے والے 412 افراد گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے کیلوں والے ڈنڈے، غلیل اور کنچے بھی برآمد کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو بارہ کہو، ترنول، سنگجانی سے گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی احتجاج کیلئے آنے والوں کے ساتھ نرمی نہ برتنے کا کہہ چکے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ ہدایت پر جمعہ بتاریخ 4 اکتوبر کو ڈی چوک پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کو روکنے کیلیے اتنظامیہ نے اقدامات کیے ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے احتجاج کرنے والوں کو سمجھایا تھا کہ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ احتجاج کرنے والا جو بھی ہتھے چڑھا، دھر لیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریک انصاف کی قیادت سے احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم اسلام آباد میں موجود ہیں، ایسے میں اسلام آباد میں دھاوا بولنا ٹھیک نہیں ہے۔ڈی چوک آنے کی بات کرنے والا ہتھے چڑھ گیا، تو اس کے ساتھ نرمی نہیں برتیں گے۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے ذمہ دار انسان ہیں، اس قسم کا احتجاج اور رویہ نامناسب ہے۔

Related Posts