کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس میں پولیس نے نہایت مہارت سے ایک مسلح ڈاکو کو فلمی انداز میں قابو کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے پولیس کے گھیراؤ کے دوران خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے کی دھمکی دی تاہم وہ اپنے ارادے میں ناکام رہا۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکو کی پستول میں گولی پھنس گئی تھی، جس کے باعث وہ خود کو نقصان نہ پہنچا سکا۔
واقعے کے دوران پولیس اہلکاروں نے کئی منٹ تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو مذاکرات کے ذریعے گرفتاری پر آمادہ کرنے کی کوشش کی اور اُسے مسلسل خودکشی سے باز رکھنے کی تلقین کرتے رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت غیر مستحکم محسوس ہو رہی تھی اور کسی بھی وقت وہ خود کو یا اردگرد موجود افراد کو نقصان پہنچا سکتا تھا۔
کافی دیر تک جاری رہنے والے ناکام مذاکرات کے بعد جب صورتحال مزید خطرناک ہونے لگی تو موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے تاک کر فائر کیا اور ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ برآمد کر کے ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس نے کہا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ رونما ہونے سے بچا لیا گیا۔ اس واقعے کو اہل علاقہ اور سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صبر کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








