اسلام آباد: غیر معیاری ادویات تیار کرنے پر ڈریپ نے ایبٹ آباد اور سوات میں قائم 2 فارما کمپنیوں کے لائسنس کینسل کر دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہومیو، ہربل اور نیوٹراسوٹیکل ادویہ ساز 2 کمپنیوں کے لائسنس کینسل کر دیے گئے ہیں،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے غیر معیاری ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف بڑا ایکشن لے لیا۔
ڈریپ ذرائع کا اس حوالے سے کہناہے کہ لائسنس منسوخی سے قبل ان کمپنیوں کو دفاع کا موقع بھی فراہم کیا گیا،کونویل لیبارٹریز اور ویلکنز فارما کے پیداواری اور درآمدی لائسنس کینسل کیے گئے ہیں، یہ کمپنیاں غیر معیاری ادویات کی تیاری میں ملوث پائی گئی تھیں۔
ڈریپ کی جانب سے مذکورہ کمپنیوں کو ادویہ سازی و ترسیل فوری روکنے اور ادویہ سازی کے لائسنس واپس جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
لائسنس ڈریپ پشاور کی رپورٹ کی روشنی میں کینسل کیے گئے ہیں اور دوا ساز کمپنیاں ایبٹ آباد اور سوات میں قائم تھیں، یہ کمپنیاں ’گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹسز‘ کے معیار پر پورا نہیں اتریں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کے لائسنس صحت عامہ کے مفاد میں کینسل کیے گئے ہیں، یہ کمپنیاں ڈریپ ایکٹ 2012 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں۔
مزید پڑھیں:کورونا سے مزید 1 مریض جاں بحق، 31 نئے کیسز رپورٹ
ذرائع کے مطابق ڈریپ انلسٹمنٹ ایویلوایشن کمیٹی نے لائسنس منسوخی کی سفارش کی تھی، ای ای سی میں کمپنیوں کے بارے میں ڈریپ پشاور کی رپورٹ پر غور کیا گیا تھا، خفیہ اطلاع پر کمپنیوں کے پیداواری یونٹس کی انسپکشن بھی کی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








