پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی جانب سے اسمگلنگ اور غیر قانونی درآمدات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1 ارب 15 کروڑ روپے مالیت کی ضبط شدہ اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔ یہ تاریخی اقدام شہر کے مضافاتی علاقے میں منعقد ایک خصوصی تقریب کے دوران عمل میں آیا، جس میں اعلیٰ حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
کسٹمز کے ترجمان کے مطابق تلف کی گئی اشیاء میں نہ صرف مضر صحت اور زائد المیعاد اجناس شامل تھیں بلکہ بڑی مقدار میں ممنوعہ منشیات، غیر قانونی اشیائے خور و نوش، اور اسمگل شدہ مصنوعات بھی شامل تھیں۔
نذر آتش کی گئی اشیاء تقریب 3 ہزار 970 غیر ملی شراب کی بوتلیں، 408 بیئر کے کین، 2,316 کلوگرام چرس، 337 ٹن چھالیہ، 26 ٹن انڈین گٹکا، 90,000 سے زائد غیر ملکی سگریٹس، 48,000 کین ایرانی جوس، 53 ٹن چائنیز نمک، 62 ٹن خشک دودھ، 26,000 لیٹر خوردنی تیل اور 4 ٹن خوردنی گھی شامل ہے، یہ تمام اشیاء ضوابط کی خلاف ورزی پر نہ صرف ضبط کی گئی تھیں بلکہ عوامی صحت اور ملکی معیشت کے لیے خطرہ سمجھی جاتی تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر کسٹمز معین الدین احمد وانی نے کہا کہ ہم اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ضبط شدہ غیر قانونی مال کی تلفی نہ صرف قانون کی بالادستی کی علامت ہے بلکہ یہ ایک مضبوط پیغام بھی ہے کہ غیر قانونی تجارت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بڑے پیمانے پر کی گئی تلفی کا مقصد نہ صرف ذخیرہ شدہ خطرناک اشیاء کو ختم کرنا تھا بلکہ یہ قدم عوام کو یہ باور کرانے کے لیے بھی تھا کہ کسٹمز حکام ہر ممکن طریقے سے ملک کو غیر قانونی اشیاء سے پاک رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








