سبی میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈی ایس پی میر خالد زمان شہید

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: کوئٹہ وائس، بلوچستان پوسٹ)

بلوچستان کے ضلع سبی میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی میر خالد زمان مری شہید ہوگئے ہیں، گارڈ کی جوابی فائرنگ سے زخمی حملہ آور بھی پکڑا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق سبی میں ڈی ایس پی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ ہوئی۔ ڈی ایس پی خالد زمان کو 6گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں مقتول پولیس آفیسر نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر لیا۔

گارڈ نے بھی فائرنگ کرنے والوں پر جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 1 حملہ آور زخمی ہوگیا جو ابتدائی طور پر زخمی حالت میں فرار ہوگیا تاہم پولیس نے حملہ آور کو تعاقب کرکے نشتر روڈ سے گرفتار کر لیا۔

شہید ہونے والے ڈی ایس پی میر خالد زمان مری سبی اتحاد کے سربراہ میر اصغر مری کے بڑے بھائی ہیں۔ سی ایم ایچ میں ضروری کارروائی کے بعد ڈی ایس پی میر خالد زمان کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی۔

دریں اثناء بنوں میں تھانہ میریاں کی حدود میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے پولیس ہیڈ کانسٹیبل فرمان کو شہید کردیا جو تھانہ ککی میں انوسٹی گیشن محرر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ تشویشناک طورپر رواں برس کے دوران پولیس پرحملوں کے واقعات میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے خلاف پولیس فورس حرکت میں آگئی۔

Related Posts