دبئی میں فیکٹری مالک نے اپنے ملازمین میں پاک بھارت میچ سمیت ایشیا کپ کے 700 ٹکٹ مفت تقسیم کر دیے۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جانا ہے جس کو شائقین کا بے صبری سے انتظار ہے۔
دبئی میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں جہاں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے اور شائقین کرکٹ کی ٹکٹس کی تلاش جاری ہے وہیں دبئی کی ایک فیکٹری کے ملازمین میں پاک بھارت میچ سمیت ایشیا کپ کے 700 فری ٹکٹس بھی تقسیم کردیے گئے۔
دبئی میں سرگرم کامیاب کاروباری اور سماجی شخصیت انیس ساجن نے اپنی کمپنی میں جنوب ایشیا سے تعلق رکھنے والے اور کرکٹ فینز کیلئے 700 ٹکٹس کا انتظام کیا اور ٹکٹس تقسیم کیے تاکہ کرکٹ کے شیدائی دبئی میں میچز دیکھیں۔
انیس ساجن کے مطابق وہ بھی کرکٹ کا جنون رکھتے ہیں اور ہمیشہ کرکٹ کے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے تاب رہے ہیں مگر اب ان کی خواہش ہے کہ دبئی میں بسے محنت کش اپنے کرکٹ اسٹارز کو میدان میں ایکشن میں دیکھیں تو انہوں نے کرکٹ میچز کے ٹکٹس بطور تحفہ دیے ہیں۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے کئی مقابلے ہونے ہیں اور فائنل بھی ہونا ہے تو ان میچز کیلئے انیس ساجن نے پاکستانی، بھارتی، بنگلا دیشی، سری لنکن، نیپال، افغانستان کے محنت کشوں کو ٹکٹس فراہم کیے ہیں اور کرکٹ فینز کو نہ صرف ٹکٹس فراہم کیے گئے بلکہ میچز کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی فری سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








