یوم آزادی پر دبئی کا برج خلیفہ پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Dubai's Burj Khalifa dazzles in celebration of Pakistan Independence Day

دبئی: پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر دبئی کا برج خلیفہ پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔

فضا پاکستان زندہ باد کے نعر ں اور قومی ترانے سے گونج اٹھی، ملی نغمے پر ثقافتی رقص بھی پیش کیا گیا، پاکستان پویلین دبئی ایکسپو 2020 کی اس پروقار تقریب اور مسحور کن نظارے کو دیکھنے ہزاروں لوگ جمع ہوئے۔

دبئی میں دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی پرچم میں بدل دی گئی، یہ پروقار تقریب پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی شام 7 بجے منعقد ہوئی، ایل ای ڈی لائٹس کی مدد سے عمارت کو سبز ہلالی پرچم میں دیکھنے کے لیے فاؤنٹین ایریا پر لوگوں کا ہجوم امڈ آیا ۔

جیسے ہی برج خلیفہ سبز و سفید رنگ اور چاند ستارے میں بدلا، دیکھنے والوں پر سحر طاری ہوگیا، اس موقع پر فضا قومی ترانے سے گونج اٹھی۔

مزید پڑھیں:جشنِ آزادی، قوم نے قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک کیا کامیابیاں حاصل کیں؟

ملی نغمہ”ہم ایک ہیں” پر روایتی رقص بھی پیش کیا گیا، لوگ بے اختیار جھوم اٹھے۔ یہ تقریب پاکستان پویلین دبئی ایکسپو 2020 کے منتظمین کی کاوش تھی جسے لوگوں نے بے حد سراہا۔

تقریب میں پاکستان پویلین دبئی ایکسپو کا تھیم بھی لائونچ کیا گیا اور لوگو کی رونمائی بھی کی گئی۔

وہاں موجود پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ برج خلیفہ کو پاکستان پرچم میں بدلتا دیکھنا ایسا نظارہ ہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، اس موقع پر اطراف میں پرچم کا عکس جس طرح جگمگاتا ہے وہ بھی قابل دید ہوتا ہے۔

یہ تقریب صرف وطن سے محبت کا اظہار ہی نہیں بلکہ مستقبل کی ایک نوید بھی تھی پاکستان پویلین دبئی ایکسپو 2020 کے تحت اس تقریب کا مقصد جشن آزادی منانے کے ساتھ ایک پیغام یہ بھی تھا کہ پاکستانی کے صرف سیاحتی مقامات ہی دنیا کے بہترین نظاروں میں شامل نہیں بلکہ یہاں سے تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی دنیا کے لیے کتنے پرکشش اور فائدہ مند ہیں۔

Related Posts