عالمی سمندری کیریئرز کے ٹیرف چارجز میں 4 گنا اضافہ برآمدات،درآمدات کیلئے خطرہ قرار

تازہ ترین

تازہ ترین

Increase in ocean carrier’s charges dangerous for Export: NKATI

کراچی:نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان نے بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیرف چارجز میں 4 گنا اضافے کو ملکی برآمدات کے لیے خطرہ قرار دیدیا ہے۔

نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے حکومتِ پاکستان سے درخواست کی کہ وہ امریکی فیڈرل میری ٹائم کمیشن کی طرح اپنا کردار ادا کرے اور عالمی سمندری کیریئرز سے ٹیرف چارجز میں بے پناہ اضافے کے حوالے سے وضاحت طلب کی جائے تاکہ ملکی برآمدات، درآمدات کو غیرضروری لاگت سے بچایا جاسکے بصورت دیگر لاگت میں بے پناہ اضافے کے نتیجے میں پاکستان سے برآمدات ودرآمدات ناممکن ہوجائے گی۔

ایک بیان میں نکاٹی کے صدر نے کہاکہ امریکی فیڈرل میری ٹائم کمیشن (ایف ایم سی) نے 8 بڑے عالمی سمندری کیریئرز سی ایم اے، سی جی ایم، ہیپاگ لائیڈ، ایچ ایم ایم، میٹسن، ایم ایس سی، او او سی ایل، ایس ایم لائن اور زیم سے متعلقہ سرچارج کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ یہ مشاہدہ کیا جاسکے کہ مذکورہ کیریئرز کے بڑھائے گئے چارجز درست ہیں یا نہیں لہٰذا حکومتِ پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ سرچارج اوردیگر چارجز کے بارے میں عالمی سمندری کیریئرز سے وضاحت طلب کرے تاکہ غیر منصفافہ چارجز کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے اور ملکی برآمدات و درآمدات کی لاگت کا باعث بننے والے عوامل کو دور کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں:محمود مولوی کی ایف بی آراور کسٹمز کوسمندری کیریئر سرچارج کی تحقیقات کی تجویز

فیصل معیز خان نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ عالمی سمندری کیریئرز ٹیرف چارجز میں اضافے کے کیا جواز پیش کررہے ہیں کیونکہ امریکا سمیت کئی ملکوں میں، سمندری کیریئر ٹیرف میں تبدیلی یا شرح میں اضافہ مخصوص ضروریات سے مشروط ہیں جن میں جہازوں کو 30 دن کا نوٹس فراہم کرنا اور یہ یقینی بنانا کہ شائع شدہ ٹیرف واضح اور یقینی ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ مذکورہ سرچارجز مناسب طریقے سے اور قانونی و ریگولیٹری ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے بنائے گئے ہیں اور اگر ٹیرف چارجز میں اضافہ ناجائز ہے تو اسے ختم کیا جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان کو بین الاقوامی طرزکے قواعد و ضوابط کو بھی نافذ کرنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عالمی سمندری کیریئر غلط طریقے سے توسرچارج نہیں لگا رہے۔

Related Posts