کوٹری قومی شاہراہ پر ڈمپر اور کار کا تصادم ہوا ہے۔ خوفناک حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 خواتین اور 2بچوں سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ کے قریب پیش آنے والے تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق جبکہ 2افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار کار تیزرفتاری کے باعث ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ جس وقت حادثہ پیش آیا، کار حیدر آباد سے ٹھٹھہ جارہی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کار بری طرح دب کر پچک گئی اور جاں بحق افراد کی لاشیں گاڑی میں پھنس گئیں۔ پولیس اور مقامی افراد واقعے کی اطلاع سامنے آتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم لاشوں کو گاڑی سے نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی افراد اور پولیس نے کار کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا جنہیں سول ہسپتال حیدر آباد منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی افراد میں شامل خاتون اور بچی کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اوور ٹیکنگ کے دوران پیش آیا۔
حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق افراد حیدر آباد سے تعلق رکھتے تھے جن میں سے ایک کی شناخت غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








