لندن میں عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی کے کنسرٹ کے دوران ہنگامہ آرائی، پاکستانیوں نے ملک بدنام کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دی نیوز

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی لوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے کنسرٹ میں مداح آپس میں گتھم گتھا ہوگئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے حال ہی میں گلوکارہ نمرہ مہرا کے ہمراہ لندن میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

پروگرام میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی کہ جب عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مداح سیکورٹی اہلکاروں سے لڑ پڑے جس کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ گلوکار کے مداحوں کا ایک گروپ اسٹیج کے قریب ڈانس کر رہا تھا کہ اسی دوران سیکورٹی اہلکاروں نے مداخلت کی جس کے نتیجے میں پہلے تو زبانی لڑائی شروع ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عیسیٰ خیلوی اسٹیج پر بیٹھے یہ تمام صورتحال کو دیکھتے رہے اور پھر انہیں مجبوری میں اپنا کنسرٹ بھی روکنا پڑا۔

مذکورہ ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے کنسرٹ کے شرکاء کو جاہل قرار دیا جبکہ کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی مداح ایسی حرکتیں کرکے بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام خراب کرتے ہیں۔

دوسری جانب اس واقعے پر تاحال عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی اور گلوکارہ نمرہ مہرا کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Related Posts