کراچی میں ای چالان کے نظام کے آغاز کے بعد شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ دوسرے صوبوں کی سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے جرمانے بھی کراچی کے شہریوں کے نام آ رہے ہیں۔
کراچی رجسٹرڈ کار نمبر AAR 540 کے مالک کو 10 ہزار روپے کا جرمانہ موصول ہوا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ گاڑی 22 مئی 1997 کو شاہراہ فیصل پر چوری ہوئی تھی اور اس کا مقدمہ صدر تھانے میں درج تھا۔ 28 سال گزرنے کے باوجود یہ گاڑی برآمد نہیں ہوئی لیکن حال ہی میں مالک کو سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر جرمانہ بھیج دیا گیا۔
تحقیقات میں پتا چلا کہ اصل میں چوری ہوئی گاڑی مہران تھی لیکن جس گاڑی کا چالان آیا وہ سوزوکی آلٹو تھی۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ یہ گاڑی بلوچستان کے کوئٹہ میں رجسٹرڈ ہے اور حب ریور روڈ کے قریب ٹول پلازہ پر سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر پکڑی گئی چونکہ نمبر پلیٹ کراچی کے نمبر کی طرح تھی چالان کراچی والے مالک کے نام آ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گاڑیوں کی رجسٹریشن آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے ایسے مسائل کراچی پولیس کے لیے درد سر بن گئے ہیں۔
کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں کے شہری کراچی میں قانون کی خلاف ورزی کریں تو جرمانہ کراچی کے شہری برداشت کریں۔ شہریوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے جرمانے کا بوجھ تقسیم کرنے کا نیا فارمولہ بنا لیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








