اسپیڈ لمٹ متعین نہیں اور نوٹیفکیشن آیا نہیں مگر! تیز رفتاری پر بھاری چالان جاری کردیئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی میں ٹریفک پولیس نے اوور اسپیڈنگ پر جرمانے جاری کرنا شروع کر دئیے حالانکہ شہر کی زیادہ تر شاہراہوں پر اب تک کوئی باقاعدہ اسپیڈ لمٹ مقرر ہی نہیں کی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولیس نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے سے پہلے ہی سینکڑوں چالان کر ڈالے۔

گزشتہ ہفتے شارع فیصل پر اسپیڈ لمٹ کے سائن بورڈز تو لگادیئے گئے لیکن اس سے پہلے ہی 27 اکتوبر سے 3 نومبر کے دوران نئے ٹریفک ریگولیشن اینڈ سٹیشن سسٹم کے تحت 1,967 اوور اسپیڈنگ چالان ہو چکے تھے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف سڑکوں کے لیے اسپیڈ لمٹس طے کرنے کا کام جاری ہے۔ فی الحال پہلے مرحلے میں شارع فیصل پر کاروں، موٹر سائیکلوں اور ہلکی گاڑیوں کے لیے رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی ہے جبکہ بھاری گاڑیوں کے لیے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد مقرر کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اعتراف کیا کہ پورے شہر کی ہر سڑک کے لیے الگ الگ اسپیڈ لمٹ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ابھی جاری نہیں ہوا۔ان کے مطابق روڈ سیفٹی اور انجینئرنگ سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں سڑک کی ساخت، انٹری و ایگزٹ پوائنٹس، پیدل چلنے والوں کی سرگرمیاں اور ٹریفک کے بہاؤ کا جائزہ شامل ہے۔ اسی رپورٹ کی بنیاد پر ہر سڑک کے لیے مخصوص اسپیڈ لمٹس جاری کی جائیں گی۔

شہر میں عارضی طور پر ایک ہی اسپیڈ لمٹ نافذ ہےکاروں، موٹر سائیکلوں اور ایل ٹی وی کے لیے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہیوی وہیکلز کے لیے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ۔

ڈی آئی جی ٹریفک اس بات کا جواب نہ دے سکے کہ یہ عارضی اسپیڈ لمٹس کب سے نافذ ہیں اور انہیں پہلے کبھی تبدیل کیا گیا یا نہیں۔

Related Posts