آزاد کشمیر کے سب سے بڑے شہر اور دارالحکومت مظفر آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں وادئ نیلم، دھیر کوٹ اور عباس پور سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کی زیر زمین گہرائی 11کلومیٹر اور مرکز سوپور کے قریب تھا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفر آباد اور گردونواح میں 7 منٹ میں 2 زلزلے کے جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی۔ متاثرہ علاقے کے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ہٹیاں بالا، چناری اور چکوٹھی سمیت جہلم ویلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہٹیاں بالا میں متاثرہ علاقے میں زلزلے نے سوتے ہوئے افراد کو جگا دیا۔ عوام میں زلزلے کے باعث تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مظفر آباد میں زلزلے کا پہلا جھٹکا صبح 6 بج کر 16 منٹ پر جبکہ زلزلے کا دوسرا جھٹکا 6 بج کر 23 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ مظفر آباد میں زلزلے کے دوران کچھ دیر کیلئے انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔
بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں وادئ لیپا، وادئ جہلم، باغ، پونچھ اور حویلی شامل ہیں۔ زلزلے کے باعث لوگ درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








