اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کردیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونین اور مشیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ای سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 8.2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظور دے دی گئی ہے۔ رمضان پیکج 2 کروڑ افراد کے بجائے ملک بھر کے عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔
ای سی سی کے اجلاس میں ایل این جی ٹو پائپ لائن منصوبے کے لیے 21 ارب روپے کی بینک گارنٹی کی منظوری دی گئی۔جی ٹوئنٹی ممالک کی جانب سے قرض موخر کے اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔اس کے علاوہ جی ٹوئنٹی کے 15 ممالک کے ساتھ قرض موخر کے اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں جھل مگسی فیلڈ سے ایس ایس جی سی ایل کو 15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی دوبارہ فراہمی اور ماڑی گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کے لیے 200 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے لیے 3.50 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
پی ایس او اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے لیے تیل کی قیمتوں کے فرق کے لیے 11.73 ارب روپے اضافی منظور کیے گئے۔ یہ سپلیمنٹری گرانٹ کی رقم 31 مارچ تک کے لیے فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: قومی ایئر لائن کو آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








