اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرلیا ہے تاہم پارٹی کو ابھی انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن کر کے اُسے الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے جبکہ انتخابی نشان ایک ہفتے کے اندر جاری کردیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی جمع کرائی گئی تفصیلات اور انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرلیا گیا ہے،جس کے مطابق جہانگیر ترین پارٹی کے چیئرمین اور علیم خان صدر ہیں۔
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکریٹری جنرل فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کو رجسٹرڈ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر انتخابی نشان کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں:عمران خان نے معاشرے میں زہر گھولا، نواز شریف مرہم رکھیں گے۔ شہباز شریف
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان آلاٹ ہونے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی اپنا انتخابی منشور جاری کردے گی، جبکہ آئندہ انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








