دنیا بھر میں شوال کے چاند کی رویت کے اختلاف کے باعث عیدالفطر 2026 کی تاریخوں کا اعلان مختلف ممالک میں مختلف دنوں کے لیے کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بعض خطوں میں کل بروز جمعہ جبکہ دیگر ممالک میں ہفتے کے روز عید منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور ترکی سمیت متعدد ممالک نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ان کے ہاں عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائی جائے گی۔ ان ممالک میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے گئے۔
جمعہ کو عید منانے والے دیگر ممالک میں مالدیپ، لبنان، فلسطین، یمن اور عراق بھی شامل ہیں، جبکہ افریقی خطے کے ممالک جیسے سوڈان، نائجیریا، سینیگال اور کیمرون نے بھی اسی دن عیدالفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان، نائجر اور مالی میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد آج جمعرات 19 مارچ کو عیدالفطر منائی جا رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر عید کی تاریخوں میں مزید تنوع دیکھنے میں آیا ہے۔
سنگاپور نے بھی اپنے سرکاری اعلان میں کہا ہے کہ وہاں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ 2026 کو منائی جائے گی، یوں مختلف ممالک میں عید کے دنوں میں واضح فرق سامنے آ رہا ہے۔
ادھر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، ایران، عمان اور مصر سمیت کئی ممالک میں شوال کا چاند دیکھنے کی تیاری جاری ہے، اور ان ممالک میں چاند نظر آنے کے بعد ہی عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں عیدالفطر کا انحصار شوال کے چاند کی رویت پر ہوتا ہے، جہاں متعلقہ ممالک کی سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیاں چاند نظر آنے یا نہ آنے کی بنیاد پر رمضان کے اختتام اور عید کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








