پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں نیا سیریل ایک جھوٹی کہانی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس میں مرکزی کردار مشہور اداکارہ زارا نور عباس اور اداکار محب مرزا نے ادا کیے ہیں۔
یہ ڈرامہ عام طور پر دکھائے جانے والے سنجیدہ اور بوجھل موضوعات سے ہٹ کر ایک منفرد طرز پیش کر رہا ہے جس میں ہلکی پھلکی کامیڈی کے ساتھ ڈرامائی رنگ بھی شامل ہیں۔ کچھ حلقے اس کہانی کو رمضان اسپیشل شوز کی جھلک بھی قرار دے رہے ہیں۔
ڈرامے کی ابتدائی قسطوں میں دکھایا گیا کہ محب مرزا اپنی نئی دلہن زارا نور عباس کو اپنے گھر لے کر آتے ہیں، مگر اس کا استقبال کسی خواب جیسا خوشگوار نہیں بلکہ انتہائی ہنگامہ خیز ہوتا ہے۔
گھر میں موجود محب کی بہنیں اپنے رویے اور باتوں سے نئی بھابھی کے لیے مشکلات کھڑی کرتی نظر آتی ہیں۔ ان مناظر میں کہیں طنز ہے تو کہیں کھلنڈرا پن لیکن کئی موقعوں پر حد سے بڑھتی ہوئی باتیں ناظرین کو ناگوار گزرتی ہیں۔
ڈرامے میں محب مرزا کا کردار اپنی بہنوں کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے جبکہ زارا نور عباس کا کردار ایک نئے ماحول میں قدم رکھتے ہی سخت آزمائش کا شکار ہو جاتا ہے۔

بہنوں کی حرکات و سکنات اور دلہن کے ساتھ ان کا رویہ کچھ ناظرین کے لیے مزاحیہ تو کچھ کے لیے توہین آمیز محسوس ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔ ایک طبقہ اسے ہلکی پھلکی تفریح سمجھ رہا ہے جبکہ دوسرا طبقہ اسے غیر سنجیدہ اور پریشان کن قرار دے رہا ہے۔
اس طرح ایک جھوٹی کہانی نے ناظرین کو ایک بار پھر تقسیم کر دیا ہے، جہاں کچھ لوگ قہقہے لگا رہے ہیں تو کچھ مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








