بانوے سالہ بھارتی خاتون رینا ورما کا پچھتر برس بعد راولپنڈی میں اپنا آبائی گھر دیکھنے کا خواب پورا ہوگیا۔ پنڈی میں اپنے آبائی محلے پہنچنے پر معمر بھارتی خاتون کا اہل محلہ نے پر تپاک استقبال کیا۔
20 جولائی بروز بدھ کو پریم گلی کی پرانی باسی کی واپسی پرمکینوں نے بانہیں کھول کر پھول پتیوں سے ان کا استقبال کیا۔بانوے سالہ بھارتی خاتون کا آبائی گھر دوبارہ دیکھنے کا خواب پورا ہوگیا۔
تقسیم ہند کے وقت 15 برس کی عمر میں وہ یہاں سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہجرت کرکے بھارت چلی گئی تھیں۔
رینا ورما جب آبائی گھر پہنچیں توڈھول کی تھاپ نے سماں باندھ دیا۔ رینا نے بھی اس موقع پرخوشی کےعالم میں شعر پڑھے اورگنگنانے لگیں۔
رینا ورما نے پاکستانی میڈیا سے بات کرتےہوئے بتایا کہ اتنی مدت کے بعد اپنے گھرآکر بہت ہی اچھا لگ رہا ہے، میرا بہت پرانا خواب تھا جو یہاں آکر حقیقت میں بدل گیا ہے۔
رینا نےآبائی گھر واپسی کے موقع پر محبتیں ملنے پر دلی شکریہ ادا کیا۔ وہ پاکستان میں 25 جولائی تک قیام کریں گی۔