بجلی صارفین کیلئے خوشخبری، آئی ایم ایف نے 830ارب سبسڈی کی اجازت دیدی

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی ایم ایف
(فوٹو: آن لائن)

بجلی صارفین کیلئے خوشخبری سامنے آگئی، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں بجلی کے شعبے کو 830ارب روپے کی سبسڈی دینے کی اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوری 2027 میں بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایم ایف نے 830 ارب روپے کی سبسڈی کی اجازت دیتے ہوئے جنوری 2027 میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی شرط بھی عائد کی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے جنوری 2027 میں توانائی کے شعبے میں مالی خسارہ کم کرنے کیلئے بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایم ایف نے حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی کی اجازت نہیں دی تھی۔

حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے اثرات کو دیگر مالی اقدامات کے ذریعے ایڈجسٹ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی سبسڈی کیلئے 830ارب مختص کرنے کی اجازت مشروط ہوگی جس میں سے تقریباً 300ارب روپے بجلی چوری اور ناقص ریکوری نقصانات کے ازالے کیلئے مختص ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے مابین ٹیرف کا فرق بھی سبسڈی کے ذریعے ایڈجسٹ کیاجائے گا۔ پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2031 تک ختم کرنے کی ڈیڈ لائن تاحال برقرار ہے۔ خدشہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران سرکلر ڈیٹ میں 300ارب  روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

Related Posts