لفٹ موت کا جال بن گئی! ڈیڑھ گھنٹے تک پھنسے 7 سالہ بچے کی دردناک موت، مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارت کے شہر پونے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رہائشی عمارت کی لفٹ میں پھنس جانے والا 7 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق بچہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک لفٹ میں پھنسا رہا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ پونے کے سنگھ گڑھ روڈ علاقے میں واقع ردھی سدھی اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت شیوانش شیلیش دھوت کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ رات کے وقت معمول کے مطابق سوسائٹی میں کھیل رہا تھا اور اسی دوران اکیلا لفٹ میں داخل ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے نے غلطی سے لفٹ کا بٹن دبایا جس کے بعد لفٹ چل تو پڑی لیکن دوسری منزل تک پہنچنے سے پہلے درمیان میں رک گئی اور بچہ اندر ہی پھنس کر رہ گیا۔ جب کافی دیر تک وہ گھر واپس نہ آیا تو اہل خانہ اور عمارت کے دیگر رہائشیوں نے تلاش شروع کی۔

رپورٹس کے مطابق رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لفٹ کھولنے کی کوشش کی اور کافی جدوجہد کے بعد بچے کو باہر نکالا تاہم اس وقت تک وہ بے ہوش ہو چکا تھا۔ اسپتال منتقل کیے جانے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

ابتدائی تحقیقات میں فوری طور پر کسی تکنیکی خرابی کی تصدیق نہیں ہو سکی جبکہ لفٹ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ پر عائد ہوتی تھی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Related Posts