کراچی: گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں گھریلو ملازمائیں کام کے دوران گھروالوں کو نشہ آور چائے پلا کر چوری کرکے فرار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق گلشن 13ڈی میں 2 ملازمائیں بنگلے کا صفایا کر گئیں، انہوں نے گھر میں موجود معمر افراد کو نشہ آور چائے پلا کر 45 لاکھ کا سونا لوٹ لیا تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق گھروالوں نے 5 ماہ قبل ماں بیٹی شمیم اور حمیرا کو گھر کے کام پر رکھا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کورنگی کاز وے ندی پر 100 سے زائد شہری ایک ساتھ لٹ گئے۔ ڈاکوؤں نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کاز وے کے قریب ناکہ لگا کر شہریوں سے قیمتی سامان اور موبائل فونز چھین لیے۔
جدید ہتھیاروں سے لیس 8 رکنی گروہ نے 100 سے زائد شہریوں سے لوٹ مار کی تاہم متاثرین کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹریفک جام کرکے شہریوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کرتے رہے۔