راولپنڈی:پاکستان کرکٹ ٹیم نے ساجد خان اور نعمان علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن 267 رنز پر آؤٹ کردیا۔
قومی ٹیم کی طرف سے ساجد خان نے 6 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ زاہد محمود کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا۔
انگلش ٹیم کی وکٹیں اسپنر کے سامنے خزاں رسیداں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔ اوپنر زیک کرولی 29، بین ڈکٹ 52، اولی پوپ 3، جوئے روٹ 5، بین اسٹوکس 12، گس اٹگکنسن 39، ریحان احمد9 اور جیک لیچ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور شعیب بشیر ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ گئے، انگلینڈ کی طرف سے جمی اسمتھ نے سب سے زیادہ 89 رنز بنائے۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی شاندار کامیابی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ساجد خان اور نعمان خان ایک بار پھر انگلش ٹیم کیلئے قہر بن کر ٹوٹے اور دونوں نے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ ساجد خان نے 6 جبکہ نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ زاہد محمود نے حاصل کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








