انگلش پریمیئر لیگ کا روسی براڈکاسٹ کمپنی سے معاہدہ منسوخ، فٹ بال شائقین افسردہ

تازہ ترین

تازہ ترین

انگلش پریمیئر لیگ کا روسی براڈکاسٹ کمپنی سے معاہدہ منسوخ، فٹ بال شائقین افسردہ
انگلش پریمیئر لیگ کا روسی براڈکاسٹ کمپنی سے معاہدہ منسوخ، فٹ بال شائقین افسردہ

یوکرین پر روسی حملے کے بعد انگلش پریمیئر لیگ نے روسی براڈکاسٹ کمپنی کے ساتھ لیگ میچز براڈکاسٹ کرنے کا معاہدہ منسوخ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلش پریمیئر لیگ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق فورا ہوگا، جس کے نتیجے میں جمعرات کو ہونے والے چار لیگ میچز روس میں نہیں دکھائے جائیں گے۔

نشریات کی منسوخی کا فیصلہ انگلش پریمئیر لیگ کی انتظامیہ اور لیگ کی 20 ٹیموں کے ممبران پر مشتمل ایک میٹنگ میں کیا گیا، جو چار گھنٹے تک جاری رہی تھی۔

میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل دیگر نکات کے علاوہ نشریاتی پابندی کا نکتہ بھی اہم تھا، جس پر فیصلہ صرف 15 منٹ میں ہو گیا۔

میٹنگ میں انگلش پریمئیر لیگ کے ٹاپ فٹ بال کلبز نے یوکرین کی جنگ زدہ عوام کے لئے 1 ملین پونڈ عطیہ کا بھی اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز، پنڈی اسٹیڈیم میں نئی تاریخ رقم

خیال رہے کہ روس میں لیگ میچز کے نشریاتی حقوق ریمبلر گروپ کے پاس ہیں، اور ریمبلر گروپ کے ساتھ لیگ کے تین سالہ معاہدے کا یہ آخری سال بھی ہے۔

مزید برآں فٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی روس کے ساتھ اپنے تمام معاہدے منسوخ کر دیئے ہیں۔

نشریاتی حقوق کی منسوخی کے بعد ایف اے کپ کے رواں ماہ ہونے والے کوارٹر فائنل میچز روس کے شائقین فٹ بال براہ راست دیکھنے سے محروم رہیں گے۔

Related Posts