اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امیر ملکوں نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے وسائل کا استعمال کیا، کورونا سے بچاؤ کیلئے عالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کی زیرصدارت اقتصادی تعاون تنظیم کے 14 ویں ورچوئل سربراہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سربراہ اجلاس کا افتتاح میرے لیے باعث فخر ہے۔
ترکمانستان کو آئندہ اجلاس کی سربراہی ملنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے معاشی وسماجی مضمرات کا مکمل تخمینہ لگانا ابھی باقی ہے۔
ہم نے عوام کو وبا سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ انہیں بھوک سے بھی بچایا،امیر ملکوں نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے وسائل کا استعمال کیا،کورونا سے بچاؤ کیلئے عالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ خطے میں خوشحالی کے لیے تجارتی سرگرمیوں کا فروغ وقت کا تقاضا ہے، افغان امن عمل خطے کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے میں معاون ہوگا،سی پیک کے ذریعے افغانستان سمیت مشرق وسطیٰ تک رسائی اہمیت کی حامل ہے۔