ایچ بی او کی مشہور زمانہ ڈرامہ سیریز یوفوریا میں کیشی کے کردار سے شہرت حاصل کرنیوالی اداکارہ سڈنی سوِنی نے آنے والے سیزن 3 کو ایک پاگل پن سے بھرپور اور حیران کن تجربہ قرار دیا ہے۔
ایک تازہ انٹرویو میں سڈنی سوِنی نے یوفوریا کے سیزن 3 میں دوبارہ کیشی کا کردار ادا کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ایک بار پھر پوری کاسٹ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے واپس آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، ایسا لگتا ہے جیسے میں اپنی اصل فیملی کے پاس واپس آ گئی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ کام تب سے کر رہے ہیں جب میں 20 سال کی تھی۔ بہت سے عملے کے افراد اب بھی وہی ہیں جو سیزن 1 اور 2 میں تھے۔ یہ واقعی ایک خوبصورت ری یونین ہے۔
اپنے کردار کی نئی کہانی پر بات کرتے ہوئے سڈنی نے اشارہ دیا کہ میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں کہ یہ ایک پاگل پن سے بھرپور سفر ہوگا۔ کیشی کی زندگی میں جو موڑ آئے ہیں ان پر میں خود بھی بہت حیران رہ گئی لیکن میں پورے شو کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سام لیوِنسن کی تخلیق کردہ سیریز یوفوریا جس کی مرکزی اداکارہ ہالی ووڈ کی مشہور اسٹار زینڈایا ہیں کو سیزن 2 کے فروری 2022 میں اختتام پذیر ہونے کے فوراً بعد سیزن 3 کے لیے باضابطہ طور پر تجدید کر دیا گیا تھا اور اس کی شوٹنگ دسمبر سے شروع ہونا تھی۔
ہالی ووڈ میں مزدور تنظیموں کے ساتھ تنازعات اور کاسٹ ممبر اینگس کلاؤڈ اور ایگزیکٹو پروڈیوسر کیون ٹورین کی اچانک وفات کی وجہ سے پروڈکشن تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔
آخرکار سیزن 3 کی شوٹنگ رواں سال جنوری میں شروع ہوئی اور امید ہے کہ یہ نیا سیزن اگلے سال کسی وقت نشر کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








