مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف صحافی پر حملے کے الزام میں نیا مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

Armaghan booked in new case for allegedly attacking journalist
FILE PHOTO

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف ایک صحافی پر مبینہ حملے کے الزام میں نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جیل حکام نے ارمغان کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت کراچی میں پیش کیا۔تاہم تفتیشی افسر کی غیر موجودگی کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا اور آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت دی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مقدمے سے متعلق تمام دستاویزات کی نقول بھی عدالت میں پیش کی جائیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ اگلی سماعت کے دوران مقدمے کی نقول باضابطہ طور پر ارمغان کو فراہم کی جائیں گی۔مزید کارروائی آئندہ سماعت تک مؤخر کر دی گئی۔

یاد رہے کہ 2 جون کو سیشن عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ارمغان کے والد کامران اصغر قریشی کی ضمانت منظور کی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ اگر کامران قریشی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کر دیا جائے۔

انسداد پرتشدد جرائم سیل نے کامران قریشی کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

کامران قریشی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ مقدمہ من گھڑت ہے اور ان کے مؤکل کو صرف اس وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ ارمغان کے والد ہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کامران کے خلاف متعدد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

Related Posts