سب ٹھیک ہو جائے گا بیٹا! وہ جملہ جس نے امیتابھ بچن کی زندگی بدل دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

معروف بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے ایک نہایت ذاتی اور جذباتی تحریر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی والدہ کی یادوں اور سادگی میں چھپی زندگی کی گہری معنویت پر روشنی ڈالی۔

امیتابھ بچن نے اپنی تحریر میں اس بات کو زیر غور لایا گیا جس میں زندگی کے بیشتر مسائل جو بظاہر پیچیدہ دکھائی دیتے ہیں دراصل بہت سادہ حل رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر معمولی مسائل پر غیر ضروری طور پر اپنا وقت، توانائی اور ذہنی دباؤ ضائع کر دیتے ہیں حالانکہ ان کا حل آسان تبدیلیوں میں موجود ہوتا ہے۔

بلاگ کا سب سے جذباتی حصہ ان کی مرحومہ والدہ تیجی بچن سے جڑی یادیں تھیں۔ انہوں نے اپنے بچپن کا ایک منظر یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کس طرح اپنے دوپٹے کی گول تہہ کو اپنی سانس سے گرم کرکے ان کی آنکھوں پر نرمی سے رکھ دیتی تھیں جس سے انہیں فوری سکون مل جاتا تھا۔

ان کے مطابق یہ چھوٹا سا عمل محبت، تحفظ اور اعتماد کا ایک گہرا احساس دیتا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن ان یادوں کو یاد کرنے سے آج بھی وہی اپنائیت اور سکون محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنی والدہ کے وہ الفاظ بھی یاد کیے جو وہ اکثر انہیں تسلی دیتے ہوئے کہتی تھیں کہ سب ٹھیک ہو جائے گا بیٹا۔ ان کے مطابق یہ جملہ آج بھی ان کی زندگی میں رہنمائی اور حوصلے کا ذریعہ ہے۔ آخر میں انہوں نے دنیا بھر کی ماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنے قارئین سے محبت اور رابطہ برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

یہ جذباتی تحریر ان کے 16 اپریل کے ایک اور بلاگ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے زندگی میں متحرک رہنے اور مسلسل آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے اپنے والد کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہوئے جسم اور ذہن کو فعال رکھنے کی بات کی اور کہا کہ حرکت ہی طاقت اور استحکام کی علامت ہے۔

پیشہ ورانہ میدان میں امیتابھ بچن کو آخری بار فلم کالکی 2898 اے ڈی میں دیکھا گیا جس کی ہدایت کاری ناگ اشون نے کی تھی۔ اس فلم میں پربھاس، دپیکا پڈوکون اور کمل ہاسن سمیت کئی بڑے اداکار شامل تھے۔

Related Posts