ملک کے مختلف شہروں میں ضمنی انتخابات جاری ہیں۔ ملتان میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حکام نے پولنگ اسٹیشن میں موجود پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 157 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کے دوران تحریکِ انصاف کے سابق یوسی چیئرمین حامد جنجوعہ کو پولنگ اسٹیشن نمبر 72 سے حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف اور رینجرز کی کارروائی، 100 کلو سے زائد منشیات برآمد
گرفتاری کی وجہ بتاتے ہوئے حلقہ این اے 157 کے ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ سابق یوسی چیئرمین حامد جنجوعہ غیر متعلقہ طور پر خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں موجود رہ کر پولنگ کی ویڈیو بنا رہے تھے جو ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے۔
خیال رہے کہ ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ این اے 157 کی نشست کیلئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی اور پی پی امیدوار علی موسیٰ گیلانی میں مقابلہ جاری ہے۔
قبل ازیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو بھی آج حاضر ہونے اور انتخابی مہم میں شرکت کی وضاحت کرنے کیلئے نوٹس جاری کیا تھا۔ رانا ثناء اللہ عابد شیر علی کی مہم میں شریک ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








