نیویارک:معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کے درجنوں ملازمین کمپنی کی دہری پالیسی کے خلاف آواز بلند کرنے پر مجبور ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلسطینیوں کے حق میں شیئر ہونے والے مواد کو نیوز فیڈ پر نہ دیکھنے کے خلاف فیس بک کے ملازمین نے کمپنی کے خلاف خط لکھ دیا۔
فیس بک کے دو سو ملازمین نے کمپنی کو آئینہ دکھا دیا۔ ملازمین نے خط میں لکھا کہ فلسطینیوں کے حق میں شیئر ہونے والے مواد کو مسلسل صارفین کی پہنچ سے دور کیا جارہا ہے۔
صارفین نے یہ محسوس کرلیا ہے کہ فیس بک ان کی آواز کو دباتا ہے۔ یہ کمپنی کی آزادی اظہار رائے کی پالیسی کے خلاف ہے۔ایسا دہرا معیار نہیں ہونا چاہئے۔
ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں شیئر کیے گئے مواد کا تحفظ یقینی بنایا جائے،کمپنی اپنے صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اقدامات کرے اور یہودیت سے متعلق اپنی پالیسیاں واضح کرے۔
ملازمین نے فیس بک سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دینے والی پوسٹ پر بھی وضاحت طلب کرلی۔