پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پی ٹی اے سے منسوب ایک نوٹیفکیشن کے حوالے سے ضروری وضاحت جاری کی ہے، وائرل نوٹی فکیشن میں میں مقامی سوشل میڈیا گروپس کے ایڈمنز کو تمام غیر ملکی اراکین کو گروپس سے نکالنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے اس حوالے سے جاری اپنی وضاحت میں اس دستاویز کو “بالکل جھوٹا” اور “جعلی” قرار دیا ہے۔
وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن، جس پر پی ٹی اے کا لوگو بھی موجود تھا، میں درج ہے کہ:
-
یہ نوٹیفکیشن “موجودہ قومی سیکیورٹی صورتحال اور آن لائن یوزر ڈیٹا کے تحفظ” کی وجہ سے جاری کیا گیا ہے۔
-
ملک کے اندر سے چلنے والے تمام سوشل میڈیا گروپس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ “غیر ملکی اراکین کو ہٹا دیں”۔
-
ہدایات پر عمل نہ کرنے والے گروپ ایڈمنز کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔
پی ٹی اے کی سرکاری وضاحت
منگل کو جاری کردہ اپنے باضابطہ بیان میں پی ٹی اے نے ایسی ہدایات جاری کرنے کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا جعلی نوٹیفکیشن، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا گروپ ایڈمنز کو غیر ملکی اراکین کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے، سراسر غلط ہے۔
اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ پی ٹی اے نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ عوام سے گزارش ہے کہ غیر تصدیق شدہ معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں اور صرف پی ٹی اے کے سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ اپڈیٹس پر بھروسا کریں۔
یہ واقعہ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جعلی معلومات اور فیک نیوز پھیلنے کا مسئلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جہاں سرکاری طرز کی زبان اور لوگوز استعمال کرکے عوام میں غلط فہمی اور بے چینی پھیلائی جاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








