پی ٹی آئی دور کے سابق وفاقی وزیر اور موجودہ سینیٹر فیصل واؤڈا نے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید 9 مئی کے پاکستان مخالف مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف گواہی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ فیض حمید بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف موجود شواہد کی بناید پر گواہی دیں گے۔ 9مئی واقعات میں ملوث تمام افراد کو سزا ملے گی۔
گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ فیض حمید کو سنائی گئی سزا صرف ایک مقدمے اور 4 الزامات سے متعلق ہے۔ اگر عمران خان فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے تو اس کے فوائد صرف ان کو ملنے تھے، ریاست کو کوئی فائدہ نہیں ملنے والا تھا۔
سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ فیض حمید کی سزا بڑے نتائج کا آغاز ہے، 9 مئی کے منصوبوں اور عملدرآمد میں بھی فیض حمید کا کردار رہا اور یہ سب کے سامنے ہے کہ اس کا فائدہ کس کو ہونا تھا۔ مجھے 9مئی سے ایک سال پہلے پارٹی سے نکال دیا گیا۔
خیال رہے کہ سینیٹر فیصل واؤڈا کو 2022 میں پارٹی مخالف بیانات کے باعث نکالا گیا۔ فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ میں مسلسل خبردار کررہا تھا کہ پی ٹی آئی ایسی دلدل میں قدم رکھ رہی ہے جس سے واپسی ممکن نہیں۔ فیض حمید اپیل کا مکمل حق رکھتے ہیں تاہم گواہی کی صورتحال واضح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








