اسلام آباد: سابق وزیر آبی امور اور موجودہ سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے باہر نہیں آئیں گے، حکومت مدت پوری کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ عمران خان جیل سے باہر نہیں آئیں گے اور نہ ہی موجودہ حکومت کہیں جائے گی۔
گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان میں آئینی بریک ڈاؤن جیسا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس دوران فیصل واؤڈا اور زین قریشی نے اتفاق کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ججز کے خلاف جو بات کی اس پر توہینِ عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سینیٹر فیصل واؤڈا نے عدلیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پراکسی کہنے سے میری ساکھ مجروح ہوئی، میں کسی کی تذلیل نہیں کی، نہ کسی کو پوائنٹ آؤٹ کیا تھا۔
آج سے 2 ماہ قبل سینیٹ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ میں اپنی تقریر کے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں۔ آئین اور قانون ججز کے مس کنڈکٹ پر بات کرنے کا حق دیتا ہے، ایگزیکٹو کی ساکھ پر سوالات اٹھیں گے تو ہم سب ساتھ دیں گے۔
گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ توہینِ عدالت جن پر لگنی چاہئے تھی، نہیں لگی۔ ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دینے والے جج اور آمر کو علامتی سزا تو دے دیتے۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کرکے کہا گیا کہ غلطی ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








