جب معیشت بہتر ہونے لگے، پی ٹی آئی حملہ کردیتی ہے۔فیصل واؤڈا

تازہ ترین

تازہ ترین

فیصل واؤڈا
(فوٹو: آج نیوز)

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ جب معیشت بہتر ہونے لگے تو پی ٹی آئی حملہ کردیتی ہے۔ حکومت نے کنٹینر لگائے اور موبائل فون سگنلز بھی بند کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ کنٹینر لگا کر اور موبائل فون سگنلز بند کرکے ہلچل مچائی گئی۔ حکومت راستے بند کردیتی ہے تو جسے نہیں بھی پتہ ہوتا، اسے علم ہوجاتا ہے کہ کیا ہوگا۔

گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ پہلے ہی لوگوں کو روکنے کی کیا ضرورت تھی؟ کنٹینر لگنے کے باعث عام شہری پریشان اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوجاتے ہیں۔ حکومت کو کون سمجھائے؟ آپ کی ناکام حکمتِ عملی پی ٹی آئی کیلئے مارکیٹنگ ہے۔

سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ سرکاری پالیسی کی وجہ سے پی ٹی آئی کو بوسٹ ملتا ہے۔ قانون تو یہ ہے کہ ڈی چوک پر آنا منع ہے، جو لوگ آتے ہیں انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ اگر حکومت پی ٹی آئی کو احتجاج کیلئے جگہ دے دیتی تو پھر حالات ایسے نہ ہوتے۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے متعلق کل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ واپس چلے جائیں گے، ڈی چوک نہیں آئیں گے۔ پی ٹی آئی اب بھی وہی کام کررہی ہے جیسا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف خط لکھ کر ملک کو نقصان پہنچایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں اہم شخصیات آئیں تو پی ٹی آئی احتجاج کرتی ہے۔ ان کا احتجاج پانی کا بلبلہ ثابت ہوا ہے۔ عوام انتشار کی سیاست کیلئے یا گردنیں کٹوانے کیلئے باہر نہیں نکلے۔ معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو پی ٹی آئی حملہ آور ہوجاتی ہے۔

Related Posts