پی ٹی آئی غریبوں کو مروانے کیلئے احتجاج کررہی ہے، فیصل واؤڈا

تازہ ترین

تازہ ترین

فیصل واؤڈا
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور موجودہ سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی غریبوں کو مروانے کیلئے احتجاج کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی والے تصادم اور لاشیں چاہتے ہیں اس لیے ڈی چوک آنے کا فیصلہ کیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ  کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے خود کو ذہنی غلامی سے تو آزاد کریں، بزدلی یہ ہے کہ آپ غریبوں کو مروانے کے لیے احتجاج کررہے ہیں، یہ چاہتے ہیں معصوم پاکستانیوں کا خون بہے، پی ٹی آئی کو لاشیں چاہئیں، عمران خان آزادی کیلئے اپنے بیٹوں کو واپس بلوائیں۔

رپورٹ کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا  نے کہا کہ یہ ڈی چوک اس لیے آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے، پی ٹی آئی کے اندر سے لاشوں کے ڈھیر گرانے کی تیاری ہے، بانی پی ٹی آئی اپنی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کا دماغ کدھر ہے، بیرسٹرگوہر  شریف آدمی ہیں، ان کو کہہ دیا بزدل ہے نکال دیں جبکہ گنڈا پور ایک پیادہ ہے۔

سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ گنڈا پور کی زندگی بھی اہم ہے، اس کے پیچھے ایک کہانی چل رہی ہے، جو بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی بات کررہاہے وہ وزیراعلیٰ ہے، آپ کے پی کے وسائل اپنے احتجاج کے لیے استعمال کر رہے ہیں، کے پی اور پنجاب کی پولیس آمنے سامنے کھڑے ہو کر شیلنگ میں ملوث ہورہی ہے۔ 2018 میں ہم نے مینڈیٹ چوری کیا تھا، آج انہوں نے کرلیا۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ فیض حمید جب ڈی جی تھا تب میں نے اس سے تکلیف اٹھائی تھی، فیض حمید کے سامنے اس وقت کھڑا ہوا جب وہ کرسی پر تھے، مجھے اس دوراہے پر نہ لائیں کہ اپنےفون سے قوم کے سامنے کچھ رکھنا پڑے، میں ان میں سے نہیں جو 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرکے الگ ہوئے۔ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے اور عمران خان کو پریشانی ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی۔

Related Posts