راولپنڈی میں مبینہ طور پر جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی کشمیر ہیون کے نام سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے جس کے آگے شہری انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈی جی آر ڈی اے جعلی ھاؤسنگ سوسائٹی کشمیر ہیون کے آگے بے بس ہیں جو سادہ لوح افراد کو پلاٹوں کا جھانسہ دے کر لوٹنے میں مصروف ہے۔
سردار جہانگیر نامی شخص اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کشمیر ہیون کے نام سے جعلی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنا کر پلاٹوں کا جھانسہ دیتے ہوئے کروڑوں روپے لوٹ چکا ہے۔
عوامی شکایات اور دباؤ پر آر ڈی اے نے کچھ عرصہ قبل خانہ پری کیلئے کشمیر ہیون سوسائٹی کا آفس سربمہر کر دیا تھا اور سردار جہانگیر کے چیلوں کو مزید کاروبار کرنے سے روک دیا تھا لیکن اگلے ہی دن کام شروع ہوگیا۔
مذکورہ سائٹی کے مالکان نے کمال دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ہی دن سے آفس کو ڈی سیل کرتے ہوئے دوبارہ گھناؤنے کاروبار کا آغاز کردیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ سردار جہانگیر چیئرمین آر ڈی اے طارق مرتضیٰ کو اپنا کاروباری شراکت دار ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب سردار جہانگیر حساس اداروں کے بعد حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کا نام بھی مبینہ طور پر استعمال کرتا ہے جس کی بناء پر آر ڈی اے یا دیگر کوئی ادارہ اس غیر قانونی سوسائٹی کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔
جعلی ھاؤسنگ سوسائٹی کشمیر ہیون کے فیز 1 سے 6 تک نہ تو کوئی این او سی سوسائٹی کے پاس موجود ہے اور نہ مطلوبہ زمین موجود ہے جبکہ ابھی تک ہزاروں پلاٹس کی فائلیں سردار جہانگیر نامی شخص فروخت کرچکا ہے۔
سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے وصول کر لیے گئے جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمر بھر کی جمع پونجی کشمیر ہیون کے مالک جہانگیر کو دے دی، لیکن کئی سال گزرنے کے بعد نہ تو پلاٹ دیا جارہا ہےاور نہ ہی رقوم واپس کی جا رہی ہیں۔
عوام کی ایک بڑی تعداد نے چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی جعلی سوسائٹی کشمیر ہیون کے مالک جہانگیر کے خلاف کارروائی کریں اور عوام کی رقوم واپس دلائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کی ناکہ بندیاں، شہریوں کی بلا جواز گرفتاریاں معمول بن گئیں
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








