انٹرنیشنل برانڈ سے کوئی تعلق نہیں! مشہور نام سے عوام کو بیوقوف بنانے والے کراچی کے مشہور کافی بار کو نوٹس جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

Famous coffee shop in Karachi served notice for illegally using Thailand brand name
ONLINE

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز آٹھ میں قائم ایک مشہور کافی کیفے کو تھائی لینڈ کے معروف برانڈ کے نام اور نشان کے غیر قانونی استعمال پر قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب تھائی لینڈ کے شہر پھوکٹ میں واقع مونڈو ایسپریسو اینڈ ٹی بار نے واضح کیا کہ کراچی میں قائم مونڈو کافی بار ان کے برانڈ سے کسی بھی طرح منسلک نہیں ہے۔

شہری سید محمد علی جعفری نے مئی میں کراچی کے اس کیفے کا دورہ کیا تھا اور یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ تھائی لینڈ کے معروف برانڈ کا ہی حصہ ہے، یہاں سے کافی خریدی تاہم بعد ازاں سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں معلوم ہوا کہ کیفے انتظامیہ نے نہ صرف برانڈ کا نام بلکہ اس کا لوگو بھی بغیر اجازت استعمال کیا ہے۔

درخواست گزار نے اپنے دعوے میں کہا کہ کیفے کے کپ، بیگ اور ٹشو پیپرز پر وہی علامتی نشان اور ڈیزائن موجود تھے جو تھائی لینڈ کے اصلی برانڈ کے رجسٹرڈ ٹریڈ مارک سے مشابہت رکھتے ہیں، جس سے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل عبدالاحد خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کیفے کی یہ کارروائی سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی ہے اور یہ جھوٹی و گمراہ کن تشہیر کے زمرے میں آتی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے پانچ ملین روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے، یہ مؤقف اپناتے ہوئے کہ کیفے نے صارفین کو دھوکے میں رکھا اور غیر اخلاقی تجارتی عمل اختیار کیا۔

ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے مدعا علیہ کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ 31 اکتوبر 2025 کو ذاتی طور پر یا اپنے قانونی نمائندے کے ذریعے عدالت میں پیش ہو کر جواب داخل کرے۔

Related Posts