سردی تو ابھی بہت دور! جانتے ہیں آنیوالے دنوں میں کراچی میں کتنی گرمی ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

PMD forecasts hot and dry weather for Karachi in coming days
FILE PHOTO

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جس کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ہفتے کے روز بھی شہر قائد میں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتا رہا اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سورج کی تپش میں حقیقی احساسِ حرارت یعنی رئیل فیل بھی 38 ڈگری کے قریب محسوس ہو رہا ہے جبکہ سایہ دار علاقوں میں یہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک کم رہتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں براہِ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ دیر تک باہر نہ نکلیں۔

صحت کے ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیادہ پانی پئیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں، اور دھوپ میں نکلتے وقت سن بلاک کا استعمال کریں تاکہ تیز شعاعوں کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ یو وی انڈیکس 6اعشاریہ صفر ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ درمیانی سے بلند سطح کی شعاعی شدت ظاہر کرتا ہے۔ اس کے باعث شہریوں کو گرمی کے اثرات زیادہ محسوس ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک یہی گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Posts