لاہور: عدالت نے برطانیہ میں فسادات کا باعث بننے والی جعلی خبر پر گرفتار ملزم فرحان آصف کو بری کر دیا ہے۔جعلی خبر شائع کرنے کے الزامات درست ثابت نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں برطانیہ میں فسادات کا باعث بننے والی جعلی خبر سے متعلق مقدمے میں گرفتار ملزم فرحان آصف کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ تحقیقات میں ملزم کے خلاف کوئی چیز سامنے نہیں آئی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ گرفتار ملزم فرحان آصف سے کوئی ریکوری نہیں ہوسکی۔ اگر عدالت ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنا چاہے تو کرسکتی ہے۔ تفتیشی افسر کا بیان سامنے آنے کے بعد عدالت نے ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا ہے۔
عدالت کی جانب سے مقدمے سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد پولیس نے ملزم فرحان آصف کی ہتھکڑی کھول کر انہیں رہا کردیا۔ ملزم فرحان آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ایسی خبر شائع کی تھی جو برطانیہ میں فسادات کا باعث بنی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں جعلی خبر پر فسادات کا سبب بننے والی خبر شائع کرنے پر ملزم فرحان آصف کے خلاف پاکستان میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ملزم فرحان آصف نے اعترافِ جرم کرلیا۔ملزم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعے کی تصاویر شیئر کیں، ویب سائٹ پر آرٹیکل شائع کیا۔آرٹیکل میں 17سالہ علی ال شکاتی کو چاقو زنی کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








