کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھا سکتی، بصورتِ دیگر عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت پیٹرول اور بجلی کی قیمت بڑھانے کے متعلق یکطرفہ طور پر فیصلے نہیں کرسکتی۔ مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے۔
بیان میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت نے عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں چھوڑا۔ مہنگائی کے باعث کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) وفاق میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے جبکہ سندھ میں بھی متحدہ کی پوزیشن کافی مضبوط ہے۔ حکومت سازی کے دوران بھی وفاق میں ایم کیو ایم اور اتحادیوں کے اختلافات سامنے آئے تھے۔
اختلافات کی بازگشت کے دوران ایم کیو ایم رہنما اور سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کی ویڈیو لیک کے نتیجے میں یہ حقیقت بھی سامنے آئی تھی کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارتیں نہ دئیے جانے پر خوش نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








