اسلام آباد: عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک اور مقدمے میں باعزت بری کردیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں شریک ملزمان کو بھی بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ ملزمان کے وکلاء آمنہ علی اور سردار معروف خان نے عدالت کے روبرو دلائل دئیے۔
سیشن عدالت کے مجسٹریٹ مرید عباس نے عمران خان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں اسد عمر سمیت دیگر شریک ملزمان سمیت باعزت بری کردیا۔ عدالت کے فیصلے کے تحت تھانہ مارگلہ کے مقدمے میں تمام نامزد ملزمان کو ریلیف دے دیا گیا۔
خیال رہے کہ پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرتے ہوئے دونوں مرکزی ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو باضابطہ طور پر رہائی نہیں دی جاسکی۔
قبل ازیں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤن کو رہائی ملتے ہی کسی اور مقدمے میں متعدد مرتبہ گرفتار کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان پر درج مقدمات کی تعداد 200 سے زائد ہے جنہیں پہلے اٹک جیل اور پھر اڈیالہ جیل میں منتقل کردیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








