دنیائے کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری! پاکستانی ویمن کرکٹر فاطمہ ثنا نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز کو 133 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا۔ اس شاندار کامیابی میں کپتان فاطمہ ثنا کی برق رفتار نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمنز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ اوورز میں 223 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے صرف 15 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اپنی دھواں دار اننگز میں فاطمہ ثنا نے 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے اور اس طرح انہوں نے نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے یہ سنگِ میل 18 گیندوں میں حاصل کیا تھا۔ فاطمہ ثنا 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں سائرہ جاوید نے 32 گیندوں پر 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے 4رنز اسکور کیے اور منیبہ علی نے 22رنز کا اضافہ کیا جس سے ٹیم کا مجموعہ مضبوط ہو گیا۔

میچ کے دوران پاکستان ویمنز نے شاندار بیٹنگ کے بعد زمبابوے کو جیت کے لیے 224 رنز کا بڑا ہدف دیا جو کہ ایک مشکل ٹارگٹ ثابت ہوا۔

جواب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 18ویں اوور میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

Related Posts