کراچی: پاکستان کی باصلاحیت خاتون ایتھلیٹ فاطمہ زہراء نے عالمی تائیکوانڈو رشین اوپن چیمپین شپ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کرکے وطن کا نام روشن کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاطمہ زہراء نے بدھ کے روز روس میں کانسی کا تمغہ 53 کلو گرام کیٹگری کے سیمی فائنل میں روس کی سوکولوا ولادیسلوا کو شکست دے کر اپنے نام کیا۔
حکومت کا بیروزگار گریجویٹس کو 20 ہزار کی اسکالر شپ دینے کا اعلان
پاکستانی ایتھلیٹ فاطمہ زہراء نے روس کی سوکولوا ولادیسلوا کو 1-2 اور 7-14 سے شکست دے کر یہ اعزاز جیتا۔ قبل ازیں فاطمہ زہراء نے ہانگ کانگ کی تنگ کوک کو بھی شکست دی تھی۔
ہانگ کانگ کی تنگ کوک کو فاطمہ زہراء نے 0-9 اور 2-12 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
دوسری جانب روس کے الیگزینڈر گریگوری نے پاکستان کے ارباز خان کو 7-8، 4-10 اور 10-18 سے شکست دی۔
پاکستان تائیکوانڈو کے عہدیداران نے فاطمہ زہراء کو برونز میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے جن میں صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ، سی ای او عمر سعید، ہیڈ کوچ یوسف کرامی اور ٹیم منیجر زبیر ماچا شامل ہیں۔
عہدیداران نے فاطمہ زہراء کی کامیابی کو ملک بھر میں خواتین کے کھیلوں کیلئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کا تمغے جیتنا ملک میں خواتین کے کھیلوں میں روشن مستقبل کا غماز ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








