فالٹ لائنز حرکت میں آگئیں! کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، کیا شہر کسی بڑے زلزلے کے قریب ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں 31 اکتوبر 2025 کو سہ پہر 3:39 بجے کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.2 ریکٹر اسکیل پر ماپی گئی۔

زلزلے کا مرکز ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) کے شمال میں تقریباً 24 کلومیٹر دور اور زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ خوش قسمتی سے کسی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور ہنگامی خدمات صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

کراچی معتدل زلزلے والے علاقے میں واقع ہے جہاں زیرِ زمین فالٹ لائنز کی حرکت کی وجہ سے کبھی کبھار جھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو ملیر میں بھی 3.2 شدت کا ہلکا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلومیٹر دور اور زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

کراچی میں زلزلے کی وجوہات؛

پلیٹ ٹیکٹونکس؛ شہر تین ٹیکٹونک پلیٹس (انڈین، عربی اور یوریشین) کے سنگم پر واقع ہے، جن کی حرکت سے فالٹ لائنز میں دباؤ پیدا ہوتا ہے۔

فعال فالٹ لائنز؛ اللہ بند اور لانڈی فالٹ سمیت کئی فالٹ لائنز شہر کے قریب یا اندر سے گزرتی ہیں، جو وقتاً فوقتاً توانائی کے اخراج سے جھٹکے پیدا کرتی ہیں۔

انسانی سرگرمیاں؛ زیر زمین پانی کا زیادہ نکالنا زمین کے دھنسنے اور فالٹ لائنز کے فعال ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

زلزلے کے دوران شہریوں کے لیے ہدایات؛ جھٹکوں کے دوران گھبرائیں نہیں اور پرسکون رہیں۔ گھر کے اندر ہوں تو بلند اشیاء اور بھاری سامان سے دور رہیں۔ اگر ضروری ہو تو کھلی جگہ پر منتقل ہوں اور بلند عمارتوں سے فاصلے پر رہیں اور کسی غیر معمولی واقعے یا نقصان کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ جھٹکے معمولی ہیں اور کسی بڑے زلزلے کی پیش گوئی نہیں کرتے البتہ شہر میں زلزلے کی سرگرمی کچھ عرصے تک جاری رہ سکتی ہے لیکن شدت وقت کے ساتھ کم ہونے کی توقع ہے۔

Related Posts