پی آئی اے کی خریداری، فواد چوہدری نے نواز شریف کی بات سن کر سر کیوں پکڑلیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فواد چوہدری
(فوٹو: آن لائن)

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی خریداری کے متعلق نواز شریف کی بات سنی تو میں نے اپنا سر پکڑ لیا کہ یہ کیا لوگ ہیں؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں معروف سیاست دان فواد چوہدری نے کہا کہ آدمی حیران ہوجاتا ہے کہ نواز شریف 50سال سے اس ملک میں سیاست کر رہے ہیں اور 50سال بعد بھی انہیں یہ بنیادی بات سمجھ میں نہیں آرہی؟

پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری آئی ایم ایف کی اصلاحاتی شرائط کے تحت ہورہی ہے۔ حکومت فعال بزنس سے علیحدہ ہوگی۔ اگر صوبائی حکومتیں وفاق سے کاروبار خریدیں گی تو یہ کان الٹے ہاتھ سے پکڑنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت جو پیسہ صوبوں کو دیتی ہے، اس سے وفاق کے ادارے خریدنے کی کیا تک بنتی ہے؟ٹی وی پر پہلے نواز شریف کو یہ بات کرتے ہوئے دیکھا تو مجھے لگا کہ مذاق ہے، لیکن کل سنا تو سرپکڑ لیا کہ یہ کیا لوگ ہیں؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پی آئی اے کی خریداری پر غور کر رہی ہے۔ مریم نواز نے مجھ سے مشاورت کی۔ اگر ایسا ہوجائے تو ملک کو اچھی ائیر لائن مل جائے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز نے پی آئی اے کی خریداری پر غور کیا ہے، اس سلسلے میں مجھ سے صلاح و مشورہ بھی کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ اس ائیر لائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔ میں نے کہا کہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں، نئی ائیر لائن بھی بنا سکتی ہیں۔

Related Posts