لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کے پیشِ نظر اسکول کے ننھے منے بچوں کیلئے ایک ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، چھٹیاں پرائمری تک کے بچوں کو ملیں گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی نے لاہور میں اسموگ کے باعث ایک ہفتے کیلئے پرائمری تک اسکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ہفتے بھر کی چھٹیوں کا اطلاق نجی و سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔
پرائمری سیکشن تک اسکول 4 سے 9نومبر تک بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیشِ نظر فضائی آلودگی عروج پر ہے۔ بھارت میں جلائی گئی فصلوں کی باقیات اور دھواں لاہور پہنچ گیا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسی حوالے سے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری کلاسز سے اوپر کے بچوں کی صحت پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ سرکاری اور نجی اسکولوں میں بچے ماسک پہن کر جائیں، اس کی پابندی ہر ایک کو کرنا ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے اسموگ کا ایک دم آ کر پھیل جانا تشویشناک ہے۔ بھارت سے مذاکرات کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ بھارتی ہوا کو نہ روکا جاسکتا ہے، نہ ہی اس کا رخ موڑا جاسکتا ہے، باہمی مذاکرات سے ہی اسموگ کی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








